ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی اے اے اور این آر سی سے متعلق ملی کونسل کا مشاورتی اجلاس

سی اے اے اور این آر سی سے متعلق ملی کونسل کا مشاورتی اجلاس

Sun, 12 Jan 2020 11:02:17    S.O. News Service

بنگلورو،12/جنوری (ایس او نیوز) آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک یونٹ کی جانب سے بروز ہفتہ شہر میں ضلع سطح کے ملی کونسل کے ذمہ داروں کا ایک اجلاس طلب کیا گیا- اس اجلاس کے تعلق سے آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کے ذمہ دار مولانا مقصود عمران، شاہد احمد اور سلیمان خان نے میڈیا کو بتایا کہ آج کا یہ ریاستی سطح کا اجلاس شہریت ترمیمی قانون، قومی آبادی رجسٹر اور قومی رجسٹر برائے شہریت قوانین پر غور کرنے کے سلسلہ میں منعقد کیا گیا، مذکورہ اجلاس مسلمانوں کے رد عمل اور فیصلہ سے متعلق غور کرنے کے لئے طلب کیا گیا تھا- آل انڈیا ملی کونسل نے قومی سطح پر ان امور کا جائزہ لینے اورملت کی رہنمائی کے لئے ماہر قانون این ڈی پنچولن کی قیادت میں ایک 9رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے- جس میں اہم سکیولر غیر مسلم لیڈروں کو نمائندگی دی گئی ہے،جو قانون کے ماہر ہیں اور این آر سی، سی اے اے سے ہونے والے نقصانات کے سلسلہ میں تفصیلی جائزہ لے کر ملی کونسل کی رہنمائی کریں گے- ملی کونسل کی جانب سے تمام ریاستوں کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ اس طرح کی ریاستی سطح کی رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے کر ان کمیٹیوں میں غیر مسلم سکیولر ماہرین کو نمائندگی دی جائے-کونسل کے ذمہ داروں نے بتایا کہ این آر سی، سی اے اے اور دیگر قوانین کا جائزہ لے کر ان قوانین کے خلاف تحریک چلانے کے لئے کرناٹک میں جومرکزی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں ملت کے تمام شعبوں کے اہم ذمہ دار، مسلم جماعتوں اور اداروں کو شامل کیا گیا ہے- اس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل کرنے کا ملت کو پیغام دیا جائے گا- اس کمیٹی کی جانب سے این پی آر اور سی اے اے کے خلاف عدالتوں میں رٹ عرضی داخل کی جارہی ہے- آج کے اس اجلاس میں ملی کونسل کے اضلاع سطح کی یونٹوں کے ذمہ دار آئے ہوئے ہیں - ان سب کو ساتھ لے کر ان قوانین کے خلاف متحدہ طورپر کس طرح کی تحریک چلائی جائے اس کا خاکہ تیار کیا جارہا ہے- ملی کونسل کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی سطح کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ابھی تک این آر سی،سی اے اے کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے- آج کے اجلاس میں بھی اس سلسلہ میں مشورہ کیا گیا- احتجاجات کے ذریعہ جس طرح ریشمی رومال تحریک کو بااثر بنایاگیا تھا- اسی طرز پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے این آر سی، سی اے اے قوانین کو ردکروانے کے لئے تحریک چلائی جانے والی ہے- حکومت یہ دعویٰ کررہی ہے کہ ان قوانین سے اقلیتی طبقہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا- جبکہ ہر ماہر قانون یہ واضح کررہاہے کہ ان قوانین سے صرف مسلمان ہی نہیں عام شہریوں کو بھی نقصان پہنچے گا- یہ قوانین عوام مخالف قوانین ہیں - ان قوانین کو واپس لینا ضروری ہے- ملی کونسل کے ریاستی سطح کے اس اجلاس میں مرکزی ملی کونسل کی ہدایات کا نفاذ اضلاع کی صورت حال کا جائزہ ان اضلاع میں کونسل کی تشکیل نو اور ملی کونسل کے مشن 2050 کے نفاذ سے متعلق لائحہ عمل و دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا- تمام اضلاع سے ملی کونسل کے اہم ذمہ داروں نے اس اجلاس میں شرکت کی-


Share: